۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
عالم زاده نوری

حوزه/ حوزه ہائے علمیه ایران کے شعبۂ تہذیب و تمدن کے نائب سربراہ نے کہا کہ مہدی موعود (ع) کے ظہور کیلئے ان کو دوست و مددگار کی ضرورت ہے، لہٰذا ہمیں آنحضرت کے ظہور کیلئے زمینہ سازی کرنی چاہیئے تاکہ انسانیت ان کے حضور، ہدایت اور عدالت کے فضل سے بہرہ مند ہوسکے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران نئی دہلی کے توسط سے عشرۂ مہدویت کے موقع پر ایرانی دینی مدارس کے شعبۂ تہذیب و تمدن کے نائب سربراہ اور ان کے ہمراہ وفد کی موجودگی میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق، عشرۂ مہدویت کی مناسبت سے منعقدہ اس عظیم الشان تقریب میں نئی دہلی ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین مہدوی پور، ایرانی سفیر اور دیگر ایرانی حکام سمیت نئی دہلی بھر سے بڑی تعداد میں مؤمنین شریک تھے اور حوزه ہائے علمیه ایران کے شعبۂ تہذیب و تمدن کے نائب سربراہ حجۃ الاسلام‌ والمسلمین عالم زادہ نوری نے خطاب کیا۔

انہوں نے عشرۂ مہدویت علیہ السلام کی مناسبت سے تبریک و تہنیت پیش کی اور کہا کہ دین اسلام عقل و خرد، عدالت، صلح اور آزادی کا دین ہے اور اس الہی دین کے پاس انسانیت کی مادی اور معنوی کامیابی کیلئے منصوبہ بھی موجود ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین عالم زادہ نوری نے مزید کہا کہ بنی نوع انسان کی ہدایت اور سعادت کیلئے صرف علم کافی نہیں ہے۔

حوزه ہائے علمیه ایران کے شعبۂ تہذیب کے نائب سربراہ نے، ختم انبیاء علیہم السلام کے بعد خدا کی جانب سے وحی ہونے والی تعلیمات کے تسلسل کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بنی نوع انسان کی ہدایت کے تسلسل اور نبوت کی تعلیمات کی تبیین اور تفسیر کیلئے ایک ہادی کی ضرورت ہے اور اس ہادی کی خصوصیات میں سے ایک عصمت کا مقام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام، ایک تہذیب ساز اور انسان ساز مذہب ہے اور اس دین میں انسانوں کی اخروی اور معنوی کامیابی موجود ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین عالم زادہ نوری نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دین اسلام مساوات اور برابری کا دین ہے اور انسانوں کے مابین برتری کے معیار تقویٰ کو قرار دیتا ہے، کہا کہ دین اسلام انسانوں کو عزت، عظمت، ظلم کے خلاف جدوجہد اور آپس میں صلح و آشتی کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دین اسلام، بنی نوع بشر کے مستقبل کو سعادتمند بنانے کیلئے ایک نئی تہذیب کو وجود بخشنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مزید کہا کہ اگر ہم اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر آگے بڑھیں تو ہمیں ایک نئی تہذیب کو حاصل میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔

حجت الاسلام والمسلمین عالم زاده نوری نے کہا کہ کرہ ارض کے مستقبل کا تعین امام زمانہ علیہ السلام کے مبارک ہاتھوں سے ہوگا، لہٰذا ہماری زمہ داری ہے کہ ہم مہدی موعود عجل الله تعالیٰ فرجه الشریف کے ظہور کیلئے زمینہ سازی کرتے ہوئے اپنے آپ کو امام علیہ السلام کے سپاہیوں میں شامل کرنے کیلئے تیار کریں۔

آخر میں، انہوں نے کہا کہ مہدی موعود علیہ السلام کے ظہور کیلئے ان کو دوست و مددگار کی ضرورت ہے، لہٰذا ہمیں ان کے ظہور کیلئے زمینہ سازی کرنی چاہیئے تاکہ انسانیت ان کے حضور، ہدایت اور عدالت کے فضل سے بہرہ مند ہوسکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .